نئی دہلی،6 ؍اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بی جے پی کے 37ویں یوم تاسیس پر پارٹی کارکنوں کی جدوجہد کو یاد کیا اور کہا کہ پارٹی سماج آخری کونے پر کھڑے ہندوستانی ، خاص طور پر غریبوں اور محرومطبقات کی خدمت کرنے کی اپنی کی کوششوں کو پورے جوش سے آگے بڑھاتی رہے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی آج بی جے پی صدر امت شاہ کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر گئے۔مودی اور شاہ نے بی جے پی کے مفکر دین دیال اپادھیائے کے مجسمہ پرگلہائے عقیدت پیش کیا ۔مودی نے ٹوئٹ کیاکہ بی جے پی کے یوم تاسیس پر میں بی جے پی کارکنوں کے پورے خاندان کو مبارکباد دیتا ہوں ،جو پورے ہندوستان میں کام کر رہے ہیں۔مودی نے کہاکہ ہم بی جے پی کارکنوں کی نسلوں کی سخت جدوجہد کو فخر کے ساتھ یاد کرتے ہیں ،جنہوں نے ملک کی خدمت کے لیے اپنی کوششوں سے ایک ایک اینٹ جوڑ کر پارٹی کو کھڑا کیا۔مودی نے دین دیال اپادھیائے کو ترغیب کا سرچشمہ بتایا۔انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ پورے ہندوستان اور معاشرے کے تمام طبقوں کے لوگوں نے بی جے پی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،مودی نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔مودی نے کہاکہ سماج کے آخری سرے پرکھڑے شخص کی ترقی کے منتر پر عمل کرتے ہوئے ہم ہندوستانی ، خاص طور پر غریبوں اور محروم طبقوں کی خدمت کرنے کی اپنی کوششوں کو پورے جوش وخروش سے آگے بڑھاتے رہیں گے۔واضح رہے کہ بی جے پی کا قیام 6 ؍اپریل 1980کو عمل میں آیا تھا ۔بی جے پی صدر امت شاہ نے ٹوئٹ کیاکہ 37سالوں سے قوم کی خدمت کے لیے وقف بی جے پی کے یوم تاسیس پر دلی مبارک باد ۔شاہ نے کہا کہ نظریات کی بنیاد پر ایک چھوٹے سے پودے کو اپنی انمول اور سخت جدوجہد سے دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی بنانے والے تمام کارکنوں کو سلام ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے نظریات گڈ گورننس اور ترقی کی پالیسی پر مسلسل اعتماد ظاہر کرنے کے لیے ملک کے عوام کاہم تہہ دل سے سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔